وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

271

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور شاباش دی ہے۔

جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گرد حملے کا سخت نوٹس لے لیا،وزیراعلیٰ سندھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور شاباش دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کلین اپ میں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لئے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر سے کراچی کو نشانہ بنایا ہے ، اس طر ح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارادے اور عزم کو توڑا نہیں جا سکتا،پوری قوم پولیس اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم نےحملہ میں زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کی دعا کی۔