اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف 12 جون کو متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور متعدد شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔ وزیر اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہو گا جس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراءاور دیگر اعلیٰ افسران بھی شامل ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے جس میں متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زید النہیان سے دوطرفہ ملاقات بھی شامل ہے۔ اعلیٰ سطحی بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی اور تشویش کے وسیع تر دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بیان کے مطابق وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور کثیر جہتی تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے باہمی فائدہ مند سٹریٹجک پارٹنرشپ کو تقویت دینے، باہمی دلچسپی کے موجودہ شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔