اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا کے عوام کو غربت، ناخواندگی اور دیگر سماجی بیماریوں سے نجات دلانے کیلئے سارک کے رکن ممالک کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے پرعزم ہے، پاکستان جنوبی ایشیائی خطے کی اقتصادی ترقی اور ممکنہ علاقائی ہم آہنگی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے، سارک کے پلیٹ …
وزیراعظم محمد نوازشریف کا سارک وزراءخزانہ کے آٹھویں اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا کے عوام کو غربت، ناخواندگی اور دیگر سماجی بیماریوں سے نجات دلانے کیلئے سارک کے رکن ممالک کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے پرعزم ہے، پاکستان جنوبی ایشیائی خطے کی اقتصادی ترقی اور ممکنہ علاقائی ہم آہنگی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے، سارک کے پلیٹ فارم کے ذریعہ علاقائی ترقی پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان خطے کے عوام کی امیدوں کو پورا کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ وہ جمعہ کو یہاں سارک وزراءخزانہ کے آٹھویں اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے سارک تنظیم کو لوگوں کی توقعات کے مطابق مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں سارک کے رکن ممالک،سیکرٹریٹ، علاقائی مراکز اور خصوصی تنظیمیں مربوط، پائیدار اور ٹھوس کوششیں کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی مسائل کے سارک کی سطح پر حل پر یقین رکھتا ہے اور اس کی جانب سے کئے گئے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان توانائی کے مقامی وسائل کے تبادلہ کیلئے توانائی کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے علاقائی کوششوں کا بھی حامی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ روڈ، ریل اور فضائی رابطے خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اہم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تین دہائیاں قبل سارک تنظیم کا قیام سماجی بہبود کے فروغ، معیار زندگی بہتر کرنے اور ثقافتی ترقی کے عزم کے ساتھ عمل میں لایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر بڑھتے ہوئے انحصار اور مشترکہ مسائل سے علاقائی حل تلاش کرنے کی ضرورت بڑھی ہے ، بڑھتے ہوئے رابطے، مواصلات میں آسانی، آزاد تجارت اور غربت، بھوک و غذائی تحفظ کے اختراعی حل سے دنیا کو علاقائی تعاون کو بڑھانے میں مدد ملی ہے۔








