
اسلام آباد ۔ 09 فروری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اورمراعات سے فائدہ اٹھائیں ‘ ترقی کے لئے کثیر الا یکجہتی اصلاحات لائی جا رہی ہیں ‘ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری سے خطہ میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا ‘چین اور وسطی ایشیاءریاستوں کے ساتھ روابط کو فروغ ملے۔جمعرات کو یہاں غیر ملکی کارپوریٹ لیڈرز اور عالمی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے انہیں حکومت کی سرمایہ کار پالیسیوں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی مواقع سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان کو شدید مالی اور توانائی بحران کا سامنا تھا‘ افراط زر کا دباﺅ تھا ‘ ایکسچینج ریٹ اورسیکیورٹی صورتحال خراب تھی۔ ناموافق عالمی معاشی حالات کے باوجود اب ہماری حکومت نے معیشت کو مستحکم کیا ہے‘ ہم نے پہلے میکرو اقتصادی صورتحال کو بہتر بنایا اور شدید چیلنجوں کے باوجود اپنی کوششوں میں کامیابی حاصل کی جس کے نتیجے میں پاکستان معاشی صورتحال میں مسلسل بہتری آئی۔ 2013ءسے قبل جی ڈی پی گروتھ کی شرح 3 فیصد تھی جو رواں سال کے دوران 5.5فیصد ہونے کا امکان ہے۔گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں ہم نے ضروری اصلاحات کیں جن کا مقصد پائیدار اقتصادی ترقی ہے۔