
لیہ ۔ 2 مئی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں، کیچڑ اچھالنے والے اور جھوٹ بولنے والے لیڈر بننے کا حق نہیں رکھتے، مخالفین کا ایجنڈا جھوٹ بولنا اور فریب ہے، ہمارا مقصد صرف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے، صبح سے رات تک اور رات سے صبح تک عوام کی خدمت کرتا رہوں گا جبکہ مخالفین سیاست سے بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں لیہ۔تونسہ پل کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر ایک عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کثیر تعداد میں موجود عوام کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو غلط فہمی ہے تو وہ لیہ آ کر دیکھ لے، 2013ءکے انتخابات میں بھی لیہ کے عوام نے بھاری اکثریت سے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کیا اور آج کا جلسہ بھی 2018ءکی کامیابی کی نوید سنا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف جو بھی وعدہ کرتا ہے اسے پورا کرتا ہے، اپنے دوستوں کو کبھی نہیں بھولتا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کا ایجنڈا جھوٹ بولنا، تخریب اور فریب ہے جو روز گالیاں دیتے ہیں لیکن ہم نے کبھی اپنی زبان کو آلودہ نہیں کیا، ہمارا مقصد صرف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں صبح سے رات تک اور رات سے صبح تک عوام کی خدمت کرتا رہوں گا اور ہم صرف اللہ سے مدد مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیہ کا یہ عظیم الشان جلسہ شیروں کا اجتماع ہے، شیر اور گیدڑ کا مقابلہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی محبت سے بڑھ کر اور بڑی خوش قسمتی کیا ہو سکتی ہے، عوام کی محبت ہی میرا اصل سرمایہ ہے۔