وزیراعظم محمد نوازشریف کا مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب

117
APP89-18 ISLAMABAD: October 18 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif addressing at the PML-N Election Convention. APP

اسلام آباد ۔ 18 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر محض کھوکھلے نعروں اور پگڑیاں اچھالنے سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے ذریعے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر کے پاکستان کو حقیقی طور پر بدل رہے ہیں جس کا اعتراف دنیا کر رہی ہے، ہر دور میں کوئی نہ کوئی ڈگڈگی بجانے والا آ جاتا ہے لیکن ہم ان سے گھبرانے والے نہیں، کنٹینر پر کھڑے ہو کر گالیاں دینے والوں کی پرواہ نہیں، فضول اور لغو باتوں کا جواب دینا بھی اپنی توہین سمجھتا ہوں، عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، ملک بھر میں موٹرویز اور ہائی ویز بن رہے ہیں، مہنگائی اور بجلی کی قیمت کم ہو گئی، 2018ءتک لوڈ شیڈنگ ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گی، ملک میں بجلی کے نئے کارخانے لگ رہے ہیں، پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، دہشت گردوں کا صفایا کیا جا رہا ہے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت اور تعلیم کی سہولتوں، سیوریج کے منصوبوں کیلئے 100 ارب روپے خرچ کر رہے ہیں، 4 لاکھ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ ملیں گے۔ منگل کو مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے کے بعد مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ وہ کارکنوں سے بے حد پیار کرتے ہیں اور وہی ان کے بے پناہ پیار کا اندازہ لگا سکتا ہے جو ان کے دلوں میں جھانک کر دیکھے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ پارٹی کا سرمایہ ہیں اور ان کا بہت اہم کردار ہے، پارٹی کارکن عہدیداروں سے بھی بلند ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی محبت میرے لئے فخر کی بات ہے، مسلم لیگ (ن) کے کارکن مجھے 30 سالوں سے منتخب کرتے چلے آ رہے ہیں، اس پر ان کے پاس کارکنوں کا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کارکنوں کی محبت کی بدولت بار بار پارٹی کا صدر منتخب ہوتا رہا ہوں اور میں نے ہمیشہ ان کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کی ہے۔