
کراچی ۔ 19 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ جمہوری اور معاشی طورپر مضبوط پاکستان ہمارا ویژن ہے، اسٹرٹیجک پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ کراچی شپ یارڈ میں ترکی کی شپ بلڈنگ فرم کے تعاون سے بنائے جانے والے 17 ہزار ٹن فلیٹ ٹینکر کی مقررہ وقت سے دو ماہ قبل تکمیل پر کراچی شپ یارڈ، پاک بحریہ اور دفاعی پیدوار کی وزارت کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ ترکی سے ہمارے معاشرتی ، سماجی اور تہذیبی تعلقات ہیں ۔ دفاع کے شعبے میں دونوں ملکو ں کے تعاون کو مزید بڑھائیں گے ۔پاکستان اور ترکی دیرینہ دوست ہیں، پاک بحریہ کا فلیٹ ٹینکر ہمیشہ پاک ترک دوستی کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا، حکومت تمام تکینکی شعبوں میں خود انحصاری کی پالیسی میں معاونت جاری رکھے گی، گوادر کو مرکز بنا کر علاقائی تجارت اور ٹرانس شپمنٹ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فوائد کا حصول موجودہ حکومت کا عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں کراچی شپ یارڈ میں ترک شپ بلڈنگ فرم کے تعاون سے بنائے جانے والے 17 ہزار ٹن فلیٹ ٹینکرکی لا نچنگ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فلیٹ ٹینکر جمعہ کو کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینرئنگ ورکس میں ہونے والے ایک پروقار تقریب میں لانچ کردیا گیا۔