وزیراعظم محمد نوازشریف کی ذرائع ابلاغ سے گفتگو

231

سعودی عرب اور ایران کے درمیان تنازعہ کا خاتمہ ایک مقدس مشن ہے، پاکستان ماضی کی طرح ایک بار پھر اپنا فرض نبھا رہا ہے ،کشیدگی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، دونوں برادر ممالک کی قیادت سے بات چیت اور مثبت ردعمل نے ہمیں حوصلہ دیا ہے ، دونوں ممالک نے ہمارے موقف اور کوششوں کو سراہا ہے،پاکستان نے ایران کواس مسئلے پر فوکل پرسن مقرر کرنے کی تجویز دی ہے، سعودی عرب سے بھی اس سلسلے میں بات کرینگے
وزیراعظم محمد نوازشریف کی ایران کے دورے کے اختتام پر عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ سے گفتگو

تہران۔ 19 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو مقدس مشن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشیدگی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، دونوں برادر ممالک کی قیادت سے بات چیت اور مثبت ردعمل نے ہمیں حوصلہ دیا ہے جبکہ دونوں ممالک نے ہمارے موقف اور کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو ایران کے دورے کے اختتام پر عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کیلئے ڈیووس روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم محمد نوازشریف سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے بعد سعودی عرب کے دورے سے تہران پہنچے تھے۔ تہران میں انہوں نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی اور سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔