وزیراعظم محمد نوازشریف کی چینی ہم منصب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات

129
APP84-21 NEW YORK: September 21 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif meets Chinese Prime Minister Li Keqiang alongwith delegation on the sidelines of 71st session of the United Nations General Assembly. APP

وزیراعظم محمد نوازشریف کی چینی ہم منصب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات
چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہو گا اور ہر فورم پر پاکستان کیلئے آواز اٹھائیں گے، ہم کشمیر کے بارے میں پاکستان کے موقف کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، امید ہے بین الاقوامی برادری کشمیر کے بارے میں پاکستان کے موقف کو بہتر طور پر سمجھے گی، ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری میں تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان دہشت گردی کا خود شکار ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال کشیدہ نہیں ہو گی،چینی وزیراعظم لی کی چیانگ
مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے جانے والے مظالم پر چین کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان علاقائی امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے، ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، ہم نے پاکستان سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو تباہ کیا ہے، ہمسایوں کے ساتھ امن ہمارے وژن کا حصہ ہے، وزیراعظم محمد نوازشریف
نیویارک ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات سیاسی سے اقتصادی نوعیت کے روابط کی صورت میں ایک مختلف مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں جو پاکستان کیلئے انتہائی خوشی کا باعث امر ہے جبکہ چینی وزیراعظم نے دو ٹوک طور پر کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہو گا اور ہر فورم پر پاکستان کیلئے آواز اٹھائیں گے، ہم کشمیر کے بارے میں پاکستان کے موقف کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، امید ہے بین الاقوامی برادری کشمیر کے بارے میں پاکستان کے موقف کو بہتر طور پر سمجھے گی، ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری میں تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ دونوں رہنماﺅں نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس کے موقع پر بدھ کو یہاں ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری اور دیگر نے وزیراعظم کی معاونت کی۔ دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور چین کی طرف سے اپنے عوام اور خطے کیلئے امن و ترقی کے مشترکہ وژن پر مبنی گہرے روابط کیلئے کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہو گا، ہم پاکستان کی حمایت کرتے ہیں اور ہم ہر فورم پر پاکستان کیلئے آواز اٹھائیں گے۔