نیویارک ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف اور ایران کے صدر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاک ایران گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ گوادر اور چاہ بہار بندرگاہیں خطہ میں تجارت کے فروغ کے سلسلے میں معاون کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ شام کے مسئلے کے پرامن حل کیلئے عالمی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔