وزیراعظم محمد نواز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیٹرس کی ملاقات،علاقائی، بین الاقوامی اور دوطرفہ اہمیت کے حامل معاملات پر تبادلہ خیال کیا

106
APP11-09 ASTANA: June 09 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif meets UN Secretary General António Guterres on the sidelines of the meeting of SCO Council of Heads of Member States. APP

آستانہ ۔ 09 جون (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیٹرس نے شنگھائی تعاون تنظیم کا مکمل رکن بننے پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کا ایک اہم رکن اور اقوام متحدہ میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعہ کو قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ میں ایس سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے علاقائی، بین الاقوامی اور دوطرفہ اہمیت کے حامل معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت ایک اہم سنگ میل اور پاکستانی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے دیگر رکن ملکوں کے ساتھ قریبی تعاون اور مستحکم تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے دیرینہ تنازعہ سمیت دور حاضر کے تمام چیلنجوں پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ نواز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کوششوں کو سراہا اور ریاستوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے مابین امن و تعاون کے ایجنڈے کو آگے لے جانے کی غرض سے باہمی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے سیکرٹری جنرل کے مطالبہ کی حمایت کی۔ سیکرٹری جنرل نے گذشتہ 37 سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماﺅں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ خطہ اور دنیا میں امن ہر ملک کے بہترین مفاد میں ہے۔