
نیویارک ۔ 19 ستمبر (اے پی پی)وزیراعظم محمد نواز شریف سے نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جان کی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔دونوں رہنماﺅں نے دو طرفہ تعلقات کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ ‘علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک میں سکیورٹی کی بہتر صورتحال ‘ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے بے پناہ مواقعوں کے تناظر میںدو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے مواقعے کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے با لخصوص زراعت ‘ڈیری اور لائیو سٹاک کے میدان میں سرمایہ کاری کے مواقعے کو اجاگر کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیری فارمنگ اور حلال گوشت کی برآمد کے شعبے میںنیوزی لینڈ کی مہارت سے استفادہ حاصل کرسکتا ہے ۔وزیراعظم نے پاکستانی طالب علموں کو اعلیٰ تعلیم کے میدان میں وظائف کی فراہمی پر نیوزی لینڈ کی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کو پیش کیے جانے والے وظائف کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جاتا رہے گا ۔