اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک کی فضائی سرحدوں کے تحفظ اور بالخصوص دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا صفایا کرنے میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا ہے۔ وہ پیر کو پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ایوان وزیراعظم میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے جاری آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو تباہ کرنے میں پاکستان ائرفورس کی خدمات کی تعریف کی۔ ائرچیف نے وزیراعظم کو پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تاریخی طور پر پاک فضائیہ نے قومی سلامتی کو درپیش خطرات کا ہمیشہ موثر جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی مہارت بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ پاکستان ائرفورس کے روایتی کردار نے بدلتے ہوئے تقاضوں اور ٹیکنالوجی کے میدان میں پیش ہائے رفت کے مطابق نئی جہتیں اختیار کی ہیں۔