اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان نیوی وار شپ ٹینکر فلیٹ کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کیلئے جمعہ کو کراچی کا دورہ کریں گے۔ یہ تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہو گی۔ 17 ہزار ٹن وزنی فلیٹ ٹینکر وزارت دفاعی پیداوار اور پاک بحریہ کے تحت ترکی کے میسرز ایس ٹی ایم کے اشتراک کار سے تعمیر کیا گیا ہے، پاکستان نیوی فلیٹ ٹینکر پاک بحریہ کی لاجسٹک ضروریات پوری کرنے میں معاون ہو گا۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ فلیٹ ٹینکر برادر ترکی کے ساتھ وسیع تر تعاون اور خود انحصاری کے حوالہ سے پاکستان کی کوششوں کی ایک اہم مثال ہے۔ اس شپ کا ڈیزائن ترکی نے تیار کیا ہے اور اسے کراچی شپ یارڈ میں پاکستانی ہنرمند افرادی قوت نے تعمیر کیا ہے جو برادر ممالک کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے مقامی طور پر صلاحیت حاصل کرنے کا عمدہ امتزاج ہے۔ فلیٹ ٹینکر کا ڈیزائن عصری رجحانات پر مبنی اور نیول شپس کی درجہ بندی کیلئے بیورو ویری ٹاس رولز کے مطابق ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان اور ترکی آزمودہ دوست ہیں، فلیٹ ٹینکر کی تعمیر جیسے مشترکہ منصوبے سے مشترکہ عقیدے، ورثے اور مفادات سے عبارت باہمی رشتے مزید تقویت پائیں گے۔ یہ اقدام یقیناً مقامی وار شپ کی تعمیر اور دیگر دفاعی مصنوعات کے شعبہ میں پاک ترک تعاون کیلئے مزید مواقع پیدا کرے گا۔ فلیٹ ٹینکر کی مقررہ مدت سے 2 ماہ قبل تکمیل ترکی کی حکومت اور عوام کی طرف سے یوم آزادی تقریبات کے موقع پر پاکستانی قوم کیلئے ایک تحفہ ہے۔