اسلام آباد ۔ 18 مئی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف چین اور ہانگ کانگ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعرات کو اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔ قبل ازیں ہانگ کانگ کے ہوائی اڈے پر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔ وزیراعظم نے بیجنگ میں ون بیلٹ۔ون روڈ فورم میں شرکت کےلئے چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چین کا دورہ کیا۔ محمد نواز شریف نے بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں دیگر عالمی رہنماوں کے ساتھ شرکت کی اور کلیدی خطاب کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے فورم میں گول میز کانفرنس میں شرکت بھی کی۔ وزیراعظم نے بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتیں بھی کیں۔ اس موقع پر انہوں نے متعدد عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں بھی کیں جن میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ واضح رہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا آغاز چین کے صدر شی جن پنگ نے 2013ء میں کیا تھا۔ یہ فورم شاہراہ ریشم اقتصادی راہداری اور 21 ویں صدی کے سمندری راہداری پروگرام کا حصہ ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا مقصد مشترکہ ترقیاتی اہداف کا حصول اور تعاون بڑھانا ہے۔ محمد نواز شریف نے چین کے شہر ہینگ ژو کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے ممتاز ای پورٹل ”علی بابا“ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ بعد ازاں اپنے دورہ کے دوسرے مرحلے پر وزیراعظم نے ہانگ کانگ میں کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں کے علاوہ سرمایہ کاری کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔