اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم کابل میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے افسوسناک سانحہ پر افغانستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افغانستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم نے افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلیفون کیا اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام 23 جولائی کو کابل میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے افسوسناک سانحہ پر افغانستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں کی بہیمانہ کارروائی اور انسانی جانوں کے بے رحمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس گھناﺅنے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثاءسے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔