وزیراعظم محمد نواز شریف کا اہم شاہراتی نیٹ ورک کے بارے میں پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب

124

اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے تمام علاقہ جات کو ٹریفک کے بہاﺅ کو مدنظر رکھتے ہوئے 6 اور 4 لین کی موٹرویز کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، یہ اقدام علاقائی اور بین الاقوامی مواصلاتی روابط کے حوالہ سے بہت اہم ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں ملک بھر میں اہم شاہراتی نیٹ ورک کے بارے میں پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں شاہراتی منصوبہ جات کی تکمیل سے جی ڈی پی میں تقریباً 1.5 فیصد اضافہ ہو گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جدید شاہراتی نیٹ ورکس کی تعمیر کیلئے موجودہ حکومت نے ایک ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ شرکاءکو بڑے بڑے شاہراتی منصوبہ جات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل، معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے موجود مختلف طریقہ ہائے کار کی سختی پیروی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران بڑی سڑکوں کی تعمیر کیلئے 334 ارب روپے وقف کئے گئے ہیں جبکہ گذشتہ حکومتوں کے دوران اس مد میں محض 65 ارب روپے سالانہ مختص کئے جاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی مقدار میں رقم مختص کرنا ہماری توجہ اور دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کو ملک کے مرکزی اور بڑے شہروں کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔