وزیراعظم محمد نواز شریف کا ایم تھری کے کام کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے موقع پر تقریب سے خطاب

101
APP31-10 NANKANA SAHIB: May 10 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif addressing the gathering at briefing session of project development of Lahore-Abdul Hakeem M-3, Motorway. APP photo by Chaudhry Ansar

ننکانہ صاحب ۔ 10 مئی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ چند سالوں میں خطے کی مضبوط طاقت اور ایشیائی ٹائیگر کی حیثیت سے ابھرے گا، خنجراب سے گوادر تک عظیم شاہراتی نظام قائم کیا جا رہا ہے جو سرحدوں سے باہر وسطی ایشیاءکو بھی ملائے گا، ہم سیاسی مخالفین سے نہ تو پہلے گھبرائے اور نہ ہی آئندہ گھبرائیں گے، تعمیر و ترقی کا اپنا مشن جاری رکھیں گے۔ بدھ کو یہاں ایم تھری موٹر وے کے لاہور ۔ عبدالحکیم سیکشن کے کام کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پراجیکٹ کی مقررہ وقت سے چار ماہ قبل تکمیل پر این ایچ اے اور چینی ادارہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں این ایچ اے کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کا مشکور ہوں جو بہت پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس منصوبے کے معائنہ کے لئے یہاں آیا ہوں تاکہ اس کے کام کی رفتار کا جائزہ لوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں شاہرات، موٹر ویز، ہائی ویز اور ایکسپریس ویز بن رہے ہیں۔ انہوں نے منصوبے پر کام کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خنجراب سے گوادر تک 2600 کلو میٹر طویل ہائی وے بن رہی ہے جس سے نہ صرف پاکستان کو بلکہ وسطی ایشیائی ریاستوں کو گوادر کے ذریعے تجارتی سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن آئے اور تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لے، یہ ترقیاتی منصوبے کسی انقلاب سے کم نہیں۔