وزیراعظم محمد نواز شریف کا ساتویں سارک وزراءداخلہ کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب

194

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی، بدعنوانی اور منظم جرائم سے نبرد آزما ہونے کیلئے سارک کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے بھرپور عزم رکھتا ہے، آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں،خطہ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مواصلاتی رابطہ ناگزیر ہے ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں جنوبی ایشیائی ممالک کی علاقائی تنظیم سارک کے ساتویں وزراءداخلہ کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ وژن اس اس سال نومبر میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی 19 ویں سارک سمٹ کے ایجنڈے میں معاون ہو گا۔ وزیراعظم نے سارک وزراءداخلہ کو بتایا کہ قومی سطح پر پاکستان نے آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں، یہ کامیابیاں اپنی سرزمین سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے حکومتی عزم کی غماز ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ چیلنجوں کے باوجود سارک نے جنوبی ایشیاءمیں علاقائی ہم آہنگی کے مقصد کے حصول میں قابل تحسین کردار ادا کیا ہے تاہم تنظیم کو زیادہ موثر اور فعال بنانے کیلئے حکومتوں اور سارک اداروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ تنظیم کو زیادہ مفید بنانے کیلئے مربوط کوششیں کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سارک کا خطہ انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، اپنے عوام کے امن و خوشحالی کیلئے علاقائی صلاحیت کو بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔