اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے شہرہ آفاق کرکٹر حنیف محمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سوگوار خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ وزیراعظم نے مرحوم کے بیٹے شعیب محمد کو ٹیلی فون بھی کیا اور ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج ایک عظیم اثاثے سے محروم ہو گیا ہے، مادر وطن میں کرکٹ کے فروغ کیلئے حنیف محمد کی خدمات بے مثال ہیں۔ انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیسٹ کرکٹر کی حیثیت سے عالمی شہرت پائی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ گفتگو کے دوران شعیب محمد نے کہا کہ ”آپ کا ہیرو اور میرا ہیرو اب اس دنیا میں نہیں ہے“۔ وزیراعظم نے کہا کہ لٹل ماسٹر ہمارے لیجنڈری کرکٹر تھے اور ہم انہیں یاد کریں گے، پاکستانی قوم اپنے ہیرو کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حنیف محمد نے مسلسل محنت اور عمدہ کارکردگی کی بناءپر ملک کیلئے نام کمایا جس پر پوری قوم ان کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اعلیٰ پائے کے انسان اور لیجنڈری کرکٹر کے طور پر حنیف محمد ہم سب کیلئے متاثر کن شخصیت کی حیثیت رکھتے ہیں اور وہ آنے والے وقتوں میں بھی ہمارا قابل فخر سرمایہ رہیں گے، انہیں ہمیشہ محبت سے یاد رکھا جائے گا۔