اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی قیادت پر مشتمل حکومت کی اقتصادی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی ہے جس کے نتیجے میں سٹینڈرڈز اینڈ پوورز (ایس این پی) نے پاکستان کی ساورن کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری لاتے ہوئے اسے منفی بی سے بی کر دیا ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو یہاں وزیراعظم محمد نواز شریف کی …
وزیراعظم محمد نواز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی قیادت پر مشتمل حکومت کی اقتصادی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی ہے جس کے نتیجے میں سٹینڈرڈز اینڈ پوورز (ایس این پی) نے پاکستان کی ساورن کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری لاتے ہوئے اسے منفی بی سے بی کر دیا ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو یہاں وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت ہوا۔ کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے غیر پارلیمانی قوتوں کو مسترد کرنے پر قوم سے اظہار تشکر کیا۔ پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ چند دن پہلے آئی ایم ایف کی ایم ڈی اور ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کے صدر پاکستان آئے جنہوں نے ملک کی اقتصادی ترقی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارا پروگرام ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے ایک میکرو اکنامک ریفارمز پروگرام مکمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں مزید محنت کرنی ہے، قوم کے مسائل حل کرنے اور معاشی بہتری کے لئے دن رات کام کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرے لئے سب سے زیادہ باعث اطمینان بات یہ ہے کہ پانامہ پیپرز کا معاملہ سپریم کورٹ سے حل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ مسلسل کوشش کرتا رہا اور بذات خود سپریم کورٹ کو کمیشن بنانے کیلئے رجوع کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن نے معاملہ کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے اس ایشو کو قانونی طور پر حل کرنے کی حکومت کی پرخلوص کوششوں کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اب معاملہ سپریم کورٹ میں ہے جہاں ملک کے قانون کے مطابق اس کا فیصلہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اپنی قانونی ٹیم کو پٹیشن کے قابل سماعت ہونے پر بحث سے روک دیا ہے اور کہا کہ اس پٹیشن کو ایڈمٹ ہونے دیا جائے۔ وزیراعظم نے کنٹونمنٹ بورڈ، بلدیاتی اداروں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مسلسل کامیابیوں کا ذکر کیا جو منتخب حکومت پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلئے منتخب حکومت کے سخت کام کی حمایت کرے۔ وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے چیئرمین اسحاق ڈار سے کہا کہ کابینہ کے آئندہ اجلاس کے دوران انتخابی اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی جائے۔








