وزیراعظم محمد نواز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

89

اسلام آباد ۔ 2 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا)، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی اور اسے مرکزی دھارے میں لانے کیلئے آگے آئیں۔ جمعرات کو وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس جو وزیراعظم ہاﺅس میں ہوا، سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر شہری کا ہے اور ملک کے تمام علاقوں کے عوام کا قومی وسائل پر برابر حق ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات کمیٹی کی سفارشات کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے پاکستانیوں کو لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں بسنے والوں کی طرح سہولیات اور خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے مطلوبہ تعاون پر آمادہ نہ ہونے والے دراصل صوبائیت کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کی ترقی پوری قوم اور ملک کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کم ترقی یافتہ علاقوں کو مرکزی دھارے میں لانا اور ترقی دینا صرف اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ ہر پاکستانی کو اس عمل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔