وزیراعظم محمد نواز شریف کا پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار

179

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے جاری منصوبہ جات پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام منصوبہ جات کی مقررہ مدت کی سختی سے پیروی کی جانی چاہیے۔ جمعرات کو وزیراعظم ہاﺅس میں کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم جاری منصوبہ جات کے ثمرات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں تو توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کے حوالے سے ہماری آئندہ کی منصوبہ بندی اولین ترجیح ہونی چاہیے جبکہ اس امر کو گزشتہ حکومتوں نے نظرانداز کیے رکھا۔ وزیر ہاﺅسنگ و تعمیرات نے کابینہ کو نجی شعبے کے ساتھ مل کر لینڈ بینکنگ کیلئے جوائنٹ وینچر پالیسی کے بارے میں بریفنگ دی۔ کابینہ نے وزارت کی تجویز کی اصولی منظوری دے دی اور اسے مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا۔ کابینہ نے مجوزہ ہاﺅسنگ پالیسی کے حوالے سے وزیر ہاﺅسنگ و تعمیرات، وزیر داخلہ، وزیر قانون اور چئیرمین سی ڈی اے پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔