وزیراعظم محمد نواز شریف کا کابینہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

154
APP50-29 ISLAMABAD: November 29 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif chairs meeting of cabinet committee on energy at Prime Minister’s Office. APP

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ 20 سال کے مقابلے میں زیادہ پیداواری گنجائش کے منصوبوں پر کام شروع کیا ہے، شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے، صنعتی شعبہ کے لئے کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی، عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں، موجودہ حکومت کی مدت کے اختتام تک بجلی کی پیداوار کےلئے مہنگے ایندھن پر انحصار کافی حد تک کم ہو جائے گا اور لوڈ شیڈنگ تاریخ کا حصہ بن جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بجلی کے جاری منصوبوں، صاف توانائی کے منصوبوں، کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں، پن بجلی اور ایل این جی پاور پلانٹس سمیت مختلف منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا جن سے 2017ءکے دوران اور مارچ 2018ءسے پہلے تک قومی گرڈ میں نمایاں بجلی شامل ہو جائے گی۔ اجلاس میں ملک میں بڑھتی ہوئی اقتصادی سرگرمیوں، بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے اور صنعتی شعبہ کی ترقی کے تناظر میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بجلی کی پیداوار کے مستقبل کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے نئی ٹرانسمیشن لائنوں کی تنصیب کے کام کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے بجلی کی تقسیم کے نظام میں حائل رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔