وزیراعظم کا کوہ پیما حسن سدپارہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار

181

اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما حسن سدپارہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان اپنے ایک ہیرو سے محروم ہو گیا ہے۔ وہ پیر کی صبح راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں خالق حقیقی سے جا ملے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حسن سدپارہ کی مادر وطن کےلئے اعزازات حاصل کرنے کے لئے کاوشیں ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم حسن سدپارہ کے عزم اور خود اعتمادی نے انہیں دنیا کی بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کے قابل بنایا۔ پوری قوم کو ان کی غیر معمولی کارکردگی پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔