
اسلام آباد ۔ 27 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مستقبل میں معاشی میدان میں بہت سخت مقابلے کا سامنا ہو گا، جدید علوم پر توجہ نہیں دی تو ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے، پورے ملک کے تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات اورطلبہ کو جدید علوم سے آراستہ کیا جائے گا، جہالت کے اندھیروں سے نکل کر علم کی روشنی سے منور مستقبل کا حصول صرف اسی صورت ممکن ہے جب ہمارے نونہال ایسی معیاری تعلیم حاصل کر سکیں جو زندگی کے ہر شعبہ میں رہنمائی فراہم کرے۔ وہ جمعہ کو وزیراعظم آفس میں ”21ویں صدی کےلئے مضبوط پاکستان کی تیاری“ کے موضوع پر تقریب میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ تقریب کا اہتمام پاکستان الائنس فار میتھ اینڈ سائنس نے کیا تھا اور اس میں وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی‘ وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی سکندر حیات بوسن ‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی‘ وزیر برائے سرمایہ کاری مفتاح اسماعیل کے علاوہ ارکان پارلیمان‘ ماہرین تعلیم اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ تعلیم کا موضوع انتہائی اہمیت کا حامل ہے ‘ریاضی اور سائنس ہمارے لئے اجنبی اصلاحات نہیں‘ ان علوم کی جڑیں بہت گہری ہیں اور بلاشبہ ہمارے مستقبل کا دارومدار بھی انہی علوم میں مہارت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے خطہ میں رہتے ہیں جس کی تہذیب اور ورثہ صدیوں پرانے ہیں اور یہ تہذیب مختلف علوم میں مہارت کی حامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا، ہڑپہ، مہر گڑھ اور موہنجودڑو کی تہذیب اور ان کے آثار قدیمہ سے واضح ہے کہ ان خطوں کے باشندے زمانے کے سب سے پیشرفتہ اور ترقی یافتہ لوگ تھے، ان کے نپے تلے اوزار، ان کی عمارتیں، ان کا طرز تعمیر اور ان شہروں کا ڈھانچہ اور ڈیزائن آج بھی ماہرین کیلئے توجہ کا مرکز ہے۔