اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف (کل) ہفتہ کو فیصل آباد، ملتان موٹروے (ایم۔4) کے شورکوٹ تا خانیوال سیکشن کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 240 کلو میٹر طویل فیصل آباد ملتان موٹر وے ملک کے جنوبی ساحلی شہروں کراچی اور گوادر کے بالائی حصے کے ساتھ مختصر ترین اور براہ راست رابطہ فراہم کرے گی۔ اس موٹروے کی تعمیر سے تجارت اور سفر میں سہولت ہوگی جبکہ ٹرانسپورٹیشن کی لاگت اور وقت کی بھی بچت ہوگی۔ فیصل آباد ملتان موٹروے چار سیکشنز بشمول فیصل آباد۔گوجرہ (58 کلو میٹر)، گوجرہ۔شورکوٹ (62 کلو میٹر)، شورکوٹ۔خانیوال (65 کلو میٹر) اور خانیوال۔ملتان (55.6 کلو میٹر) پر مشتمل ہے، جن میں سے فیصل آباد۔گوجرہ اور خانیوال۔ملتان سیکشنز پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔گوجرہ۔شورکوٹ سیکشن زیر تعمیر ہے جبکہ شورکوٹ۔خانیوال سیکشن کا سنگ بنیاد (کل) ہفتہ کو رکھا جا رہا ہے۔ اس منصوبے پر 22 ارب روپے لاگت آئے گی اور یہ 2 سال میں مکمل ہوگا۔