
ڈیووس ۔ 19 جنوری (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹریس نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو یقین دلایا ہے کہ وہ پاکستان سمیت خطہ کے ممالک کیلئے انتہائی تعمیری اور مثبت کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے کانگریس سنٹر میں عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویںسالانہ اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے میں شامل رہا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کیلئے جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر مربوط مذاکراتی عمل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی جذبہ کے تحت پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت کو بات چیت کی دعوت دی تاہم بھارت نے مثبت جواب نہ دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ایک پرامن ہمسائیگی ہے، ہم اپنے خطہ میں پائیدار امن، سلامتی اور اقتصادی تعاون کیلئے سازگار ماحول چاہتے ہیں جو جنوبی ایشیاءکے تمام عوام کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے خطہ کے عوام کی فلاح اقتصادی ترقی و خوشحالی میں ہے اور اگر ہم اپنے مسائل حل نہ کر سکے اور ایک دوسرے سے تعاون نہ کر پائے تو یہ مقصد حاصل نہیں ہو سکے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مذاکرات سے ہٹ دھرمی کرکے خطہ کی پہلے سے موجود کشیدگی کو بڑھا رہا ہے، ناشائستہ بیانات کے ذریعے فضاءخراب کر رہا ہے اور کشمیری عوام کے جائز حق خود ارادیت کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کو ایک آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کی ضمانت دی گئی تاہم اس وعدہ کو ابھی تک پورا نہیں کیا جا سکا۔