وزیراعظم محمد نواز شریف کی امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون ،صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی

124

اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر نومنتخب امریکی صدر نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے کہا کہ آپ بہت اچھی شہرت رکھنے والی بہت عمدہ شخصیت ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نواز شریف سے کہا کہ آپ کی شاندار کارکردگی ہر شعبہ میں نظر آتی ہے، میں آپ سے جلد ملاقات کا متمنی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آپ سے بات کرتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کو طویل عرصہ سے جانتے ہیں، آپ کا ملک بہت خوبصورت اور شاندار مواقع کا حامل ہے، پاکستانی انتہائی ذہین لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تصفیہ طلب امور کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، یہ میرے لئے اعزاز ہو گا اور میں ذاتی طور پر یہ کردار ادا کروں گا۔ نومنتخب امریکی صدر نے وزیراعظم نواز شریف سے کہا کہ وہ انہیں کسی بھی وقت فون کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے پاکستان کے دورہ کی دعوت دینے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں پاکستان جیسے خوبصورت ملک آنے پر خوشی ہو گی، پاکستان بہترین لوگوں کا بہترین ملک ہے۔ پاکستانی باکمال اور غیر معمولی لوگ ہیں۔