
اسلام آباد ۔ 3 مئی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو تقویت دینے کیلئے بڑھتے ہوئے اعلیٰ سطح کے تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کے فروغ کیلئے اقتصادی روابط کو وسعت دیتے رہیں گے۔ انہوں نے یہ بات ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر بات چیت کیلئے بدھ کو اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ملاقات کے دوران خطہ میں امن و استحکام کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے دوطرفہ تجارت میں 5 ارب ڈالر کا ہدف جلد از جلد حاصل کرنے کیلئے دونوں اطراف سے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ 26 اپریل 2017ءکو ایرانی بارڈر سیکورٹی گارڈز کی شہادت سے متعلق ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان میں پیش آنے والے واقعہ پر وزیراعظم نے ایران کی حکومت اور عوام کی طرف سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور تجارت و اقتصادی تعاون اور بارڈر و سیکورٹی ایشوز سمیت تمام شعبوں میں روابط بڑھانے کیلئے مسلسل کوششوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایرانی حکومت کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مسلسل کاوشیں بروئے کار لانے کیلئے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔