اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بجٹ حکمت عملی ان مقاصد کے حصول کیلئے ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں انہیں مالی سال 2017-18ءکیلئے بجٹ حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ سماجی شعبہ کو بھی اولین ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2012-13ءکی نسبت مالی سال 2017-18ءکیلئے ترقیاتی بجٹ میں تین گنا کا بے مثال اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کو بھی مناسب ترجیح دی ہے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور سینئر حکام موجود تھے۔