اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہے‘ مقبوضہ کشمیر کا تنازعہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے اور اس کے حل سے خطے میں پائیدار امن یقینی ہوگا۔ انہوں نے یہ بات برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر سر …
وزیراعظم کی برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہے‘ مقبوضہ کشمیر کا تنازعہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے اور اس کے حل سے خطے میں پائیدار امن یقینی ہوگا۔ انہوں نے یہ بات برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر سر مارک لائل گرانٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ایوان وزیراعظم میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے کئے گئے وعدوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہایت موزوں وقت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا دیرینہ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی قراردادوں میں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں 100 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو وحشیانہ طور پر شہید کیا گیا‘ چھرے والی بندوقوں کے استعمال سے سینکڑوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر برطانوی قومی سلامتی کے مشیر سر مارک لائل گرانٹ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس جنگ میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کرنے پر حکومت کی تعریف کی۔








