وزیراعظم محمد نواز شریف کی ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف سے ملاقات

176
APP79-25 ASHGABAT: November 25 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif in a meeting with President of Turkmenistan Gurbanguly Berdimuhamedow. APP

وزیراعظم محمد نواز شریف کی ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف سے ملاقات
دونوں ممالک نے تاپی گیس پائپ لائن اور پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان فضائی روابط دوبارہ قائم کرنے کا جائزہ لیا
چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے پاکستان اور پورے خطہ میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا،وزیراعظم محمد نواز شریف
صدر قربان علی بردی محمدوف نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور عوام کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم نواز شریف کے جرات مندانہ اقدامات کے وژن کو سراہا
اشک آباد ۔ 25 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک نے تاپی گیس پائپ لائن اور پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان فضائی روابط دوبارہ قائم کرنے کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم ہاﺅس کے بیان کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے پاکستان اور پورے خطہ میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کی آبادی کا مستقبل کوریڈور سے منسلک ہے اور اگر کوئی ملک اس بڑے پراجیکٹ میں شامل ہونے میں دلچسپی رکھتا ہے تو پاکستان اس کا خیرمقدم کرے گا۔ نواز شریف نے کہا کہ ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت (تاپی) ایک اہم منصوبہ ہے جس سے رکن ممالک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات ہر آنے والے دن میں مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ہر سال اسلام آباد اور اشک آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے انعقاد کی تجویز دی۔