23.8 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعظم محمد نواز شریف کی ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو سے...

وزیراعظم محمد نواز شریف کی ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو سے بات چیت

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترکی کی قیادت اور عوام کو 15 جولائی کی شب جمہوریت پر حملے کے خلاف کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت، روایات، مذہب اور سماجی اقدار پر مبنی ہیں۔ وہ ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے وفد کے ہمراہ منگل کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ترکی کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا اور 28 جون کو اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہوا ہے، جاری ضرب عضب آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جس عزم کے ساتھ آپریشن کیا ہے اسے ترکی سمیت بین الاقوامی برادری نے سراہا ہے جس پر ہم شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی ترقی کیلئے تزویراتی سمت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کے حصول کے سلسلہ میں ترکی کی جانب سے پاکستان کی پختہ حمایت کو بھی سراہا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=13883

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں