اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک کے رہنماﺅں کو خطوط تحریر کئے ہیں جن میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت پر مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت فوری طور پر بند کرنے اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے نفاذ کے لئے دباﺅ ڈالیں۔ دفتر خارجہ کی طرف سے پیر کو ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان چین‘ فرانس‘ روسی فیڈریشن‘ برطانیہ اور امریکہ کے سربراہان مملکت و حکومت کو خطوط تحریر کئے ہیں۔ ان خطوط میں مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال کے علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی پر انتہائی منفی اثرات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی قوانین کی خلاف ورزیوں کو نمایاں کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔