
آستانہ ۔ 10 جون (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے دوطرفہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان تعلقات کو اگلے مرحلے تک لے جانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ روس اور پاکستان کے درمیان تعلقات فروغ پا رہے ہیں اور اعلیٰ سطح کے رابطوں اور سیاسی خیر سگالی نے ان تعلقات کو ایک اہم اور موثر اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کےلئے سٹیج فراہم کردیا ہے