وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس

131
APP81-24 ISLAMABAD: November 24 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif chairing meeting on situation along the LoC at PM House. APP

پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جائز جدوجہد آزادی کے لئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سرتاج عزیز، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، طارق فاطمی اور ناصر خان جنجوعہ کی شرکت
اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جائز جدوجہد آزادی کے لئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے دانستہ طور پر شہریوں کو نشانہ بنانے اور بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کا نوٹس لے اور لائن آف کنٹرول پر بگڑتی ہوئی سیکیورٹی کی صورتحال کے خاتمے میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔ اس بات کا اظہار جمعرات کو یہاں وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے وادی نیلم کے قریب مسافر بس پر خون ریز حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مسلسل بلا اشتعال فائرنگ کے تناظر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ صورتحال پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے بالخصوص 23 نومبر 2016ءکو دھنیال سیکٹر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے سیز فائر کی بلا اشتعال خلاف ورزیوں کے بعد لائن آف کنٹرول کے ساتھ موجودہ صورتحال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ اس واقعہ میں بھارتی افواج کی جانب سے دانستہ طور پر ایک سویلین بس اور بعد ازاں زخمیوں کو لانے کے لئے جانے والی ایمبولینسز کو نشانہ بنایا گیا۔