
وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے خصوصی اجلاس
وزارت پانی وبجلی کو بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت
اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزارت پانی وبجلی کو بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام کو پہنچنے والی تکلیف کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے اوربروقت منصوبہ بندی نہ کرنے والے اہلکاروں پر ذمہ داری عائد کی جائے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیش نہ آئے۔ انہوںنے یہ بات بجلی کی کمی کے حوالے سے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیر اعظم کی طرف سے منگل کو یہاں طلب کئے گئے اجلاس میں بجلی کی پیداوار میں کمی کے عوامل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کی طرف سے کوتاہی برتنے پر عدم اطمینان کا اظہار کیاکہ انہوں نے موسم کی شدت اور ڈیموں میں پانی کی کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے قبل از وقت منصوبہ بندی کیوں نہیں کی۔ وزیراعظم نے فوری ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کو پہنچنے والی تکلیف کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے اور بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں جس قدر ممکن ہو لوڈ شیڈنگ میں کمی کرکے ریلیف دیا جائے۔