
اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلسل اقتصادی ترقی کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے شاندار مواقع پیش کر رہا ہے۔ ملک کا ریگولیٹری اور سپروائزری فریم ورک بہت ترقی پسند ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو معاون فضاءفراہم کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بات سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے چیئرمین جوزے وینالز سے بدھ کو یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بینکاری شعبہ نے وقت گذرنے کے ساتھ متاثر کن اور مستحکم انداز میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمو پر مرکوز پالیسیوں کی بدولت پاکستان کا شمار اب ابھرتی ہوئی منڈیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کو 2016ءمیں 5 بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سٹاک مارکیٹس میں شامل کیا گیا اور ہماری موجودہ جی ڈی پی شرح نمو 5.3 فیصد سے زائد ہے۔ وزیراعظم نے چیئرمین سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کو بتایا کہ ٹھوس سرمایہ جاتی بنیاد، اثاثہ جات و منافع پذیری میں شاندار نمو اور بین الاقوامی معیارات کے ساتھ ہم آہنگی نے پاکستان کے بینکاری کے شعبہ کو سرمایہ کاروں کے لئے خطے میں نہایت مسابقانہ مقام عطا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی اور بنیادی شعبہ جات میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستان کی مسلسل اقتصادی ترقی، وسیع تر سرمایہ کاری مواقع پیش کر رہی ہے۔