وزیراعظم محمد نواز شریف کی شہداءکے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت

114

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے افراد کے خاندانوں کے لئے جامع پالیسی وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم ہاﺅس میں کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے شہداءکے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہداءکے بچوں کے لئے تعلیم اور روزگار کا منصوبہ وضع کر کے کابینہ کے روبرو پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کا نشانہ بننے والوں کے لئے نیشنل انڈومنٹ فنڈ کے قیام کی فزیبلٹی کا بھی جلد از جلد جائزہ لیا جائے۔ قبل ازیں کابینہ نے کوئٹہ سول ہسپتال میں دہشتگردی کے المناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔اجلاس میں نجی شعبہ کے ساتھ اشتراک کار سے لینڈ بینکنگ کیلئے جوائنٹ وینچر پالیسی اور پاک چین اقتصادی راہداری پر بریفنگ سمیت متعدد ایجنڈا آئٹمز زیرغور ہیں۔