وزیراعظم محمد نواز شریف کی قطر کے وزیر دفاعی امورسے ملاقات میں گفتگو

153
APP65-27 ISLAMABAD: October 27 - Minister of State for Defence Affairs Qatar H.E Dr. Khalid bin Mohammad AlAttiyah called on Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif at PM House. APP

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات استوار ہیں جو دونوں ممالک کے مفاد میں پائیدار اقتصادی تعاون سے مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات قطر کے وزیر دفاعی امور ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ سے جمعرات کویہاں وزیراعظم ہاﺅس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، قطر اور ترکی دفاع سے متعلق عسکری سازوسامان کی تیاری کے لئے مشترکہ منصوبے قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قطر کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور وہ قریبی اتحادی اور برادر ریاست کی حیثیت سے پاکستان پر انحصار کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ نے کہا کہ قطر پاکستان کو اپنا سٹریٹجک پارٹنر تصور کرتا ہے اور ان تعلقات کو اولین حیثیت دیتے ہوئے اس ضمن میں ہر کاوش بروئے کار لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے گزشتہ دورہ قطر کے دوران ایل این جی منصوبہ طے ہونے کے بعد دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کہیں زیادہ مضبوط اقتصادی تعاون میں ڈھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاونت اور تعاون سے ہم خطے میں موجود دہشت گردی کے غیر یقینی خطرے کی تیاری کے لئے اپنے ملٹری ہارڈ ویئر کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر دہشت گردی کے غیر روائتی دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے تربیتی اکیڈمی قائم کرے گا اور وہاں تربیتی کورسز کے لئے پاکستانی انسٹرکٹرز کی خدمات اور مہارت سے استفادہ کا خواہاں ہوگا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اور قطر کے درمیان باہمی تعاون آنے والے وقتوں میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان سے سپر مشاق اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری کے خواہاں ہیں اور پاکستان اور ترکی کی معاونت سے قطر میں سازوسامان کی تیاری اور فوجی تعاون قائم کرنا چاہتا ہے۔