وزیراعظم محمد نواز شریف کی مسافر بس پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت

118

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایل او سی پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے وادی نیلم میں مسافر بس پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، وزیراعظم نے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں شہداءکی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔ بدھ کو جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے مسلح افواج کے جوان شہادت کے اعلیٰ درجہ پر فائز ہیں، پوری قوم اپنے بہادر جوانوں جنہوں نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہادت پائی، کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے تحمل کے باوجود بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جس میں بےگناہ سویلین بچے اور خواتین سمیت فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ذمہ دار ریاست بےگناہ سویلین کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دے سکتی۔ حقیقت میں بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان کبھی بھی اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کیلئے کشمیریوں کی قانونی جدوجہد آزادی میں ان کی بھرپور حمایت کرے گا۔