اسلام آباد ۔ 30 جون (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ انکے فائنل چیک اپ کے بعد انکے ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق کیا جائے گا۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم کی وطن واپسی کے حوالے سے مختلف آراءکا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان بیانات میں کوئی سچائی نہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف ہارٹ سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں تاہم انکی وطن واپسی کے بارے میں عوام کو تب ہی بتایا جائے گا جب انکے سرجن کوئی فیصلہ کریں گے۔