
اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے دہشت گردی کے متاثرین کیلئے جامع پالیسی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے جو جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کیلئے آمدن، تعلیم اور روزگار کے پیکیج کی حامل ہونی چاہئے۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کو یہاں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ تلاوت کلام پاک کے بعد وفاقی کابینہ نے کوئٹہ میں دہشت گردی حالیہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے متاثرین کےلئے جامع پالیسی وضع کی جائے، یہ پالیسی جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کیلئے مربوط آمدن، تعلیم اور روزگار کے پیکیج کی حامل ہونی چاہئے، یہ پالیسی غور کیلئے آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ پاک۔چین اقتصادی راہداری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ کے دوران وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پروگرام میں شامل منصوبہ جات حکومت کی اولین ترجیح ہیں لہٰذا بروقت پیشرفت کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں۔ وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کے شعبوں میں اولین منصوبہ جات کی 2017-18ءتک تکمیل کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے موجودہ شارٹ فال اور آئندہ کی طلب کو پورا کرنے کیلئے ان منصوبوں پر تیز تر پیشرفت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارلی ہارویسٹ منصوبوں کی تکمیل 2018ءکے موسم گرما تک لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ میں بہت معاون ہو گی۔