
اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی ترجیح ہے جو گزشتہ تین برسوں کے دوران صوبے میں بے مثال ترقیاتی منصوبوں سے عیاں ہے۔ انہوں نے یہ بات پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماءاور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی سے بدھ کو وزیراعظم ہاﺅس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران قومی اہمیت اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ بلوچستان میں جاری ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے عوام سی پیک اور گوادر کی بندرگاہ سمیت بڑے ترقیاتی اقدامات سے بہت زیادہ مستفید ہوں گے۔