وزیراعظم محمد نواز شریف کی چین کی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے چیئرمین یو زینگ شینگ سے ملاقات میں گفتگو

111
APP15-06 ISLAMABAD: April 06 – Chairman of National Committee of Chinese Peoples’ Political Consultative Conference (CPPCC), Yu Zhengsheng called on Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif at PM House. APP

اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری علاقائی تجارت کے فروغ اور خطے کے عوام کو ایک دوسرے کو قریب تر لانے کے لئے شاندار منصوبہ ہے، چینی صدر کی دعوت پر ”بیلٹ اینڈ روڈ فورم“ میں شرکت کے لئے آئندہ ماہ دورہ چین کا منتظر ہوں۔ انہوں نے یہ بات چین کی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس (سی پی پی سی سی) کی قومی کمیٹی کے چیئرمین یو زینگ شینگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ان سے جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کمیٹی کے چیئرمین اور وفد کے ارکان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کی پارلیمان کے درمیان ادارہ جاتی روابط استوار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارلیمان کے درمیان قریبی تعاون سے پاک چین پرجوش اور دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات 2015ءمیں چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران سدا بہار تعاون پر مبنی تذویراتی شراکت داری کی بلند تر سطح پر پہنچے ہیں۔