
پاکستان کی فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی کامیاب ہوگی ، دشمن سے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرنے والے بچوں کے والدین عزت اور احترام کے مستحق ہیں
وزیراعظم محمد نواز شریف کی کیپٹن اسفند یار بخاری شہید کے والد ڈاکٹر فیاض بخاری کے ساتھ ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد ۔ 18 مئی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج کے بہادرفوجیوں نے ملک کےلئے گرانقدر قربانیاں دیں، وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی کامیاب ہوں گے، فوجی آپریشن میں شہید ہونے والے کیپٹن اسفند یار بخاری کے والد ڈاکٹر فیاض بخاری کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایسے بہادر فوجیوں پر قوم کو فخر ہے ، کیپٹن اسفند یار جو گزشتہ برس بڈھ بیر کیمپ پشاور میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہوئے، کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسفند یار اور پاکستان کی فوج کے جوان ملک کے محافظ ہیں۔کیپٹن اسفند یار آپریشن کے دوران صف اول سے اپنے فوجیوں کی قیادت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے والدین عزت اور احترام کے مستحق ہیں جن کے بچے دشمن سے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں۔