اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم معائنہ کمیشن کی ٹیم نے منگل کو اسلام آباد کی زیر تعمیر ماڈل جیل کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم معائنہ کمیشن کےچیئرمین بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا کا یہ دورہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پر وزیر اعظم کی طرف سے گہرے خدشات کے پیش نظر ہوا۔ وزیراعظم معائنہ کمیشن نے عملدرآمد کی صورتحال اور 10 اکتوبر 2023 کو ہونے والے اجلاس میں کئے فیصلوں پر تازہ ترین پیشرفت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
معائنہ کمیشن کے چیئرمین نے ممبر انجینئر عامر حسن کی سربراہی میں معائنہ ٹیم کو ذمہ داری سونپی کہ عمل درامد کا جائزہ لیتے رہیں تاکہ اس پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل ہوسکے۔ معائنہ ٹیم میں انجینئر عامر حسن اورڈائریکٹر معائنہ کمیشن محمد صالح ناریجو نے اسلام آباد کے سیکٹر H-16 میں ماڈل جیل پر اجیکٹ کا دورہ کیا اور پر اجیکٹ کے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران وزارت داخلہ، وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، پاک پی ڈبلیو ڈی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران اور منصوبے کے دیگر اسٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے۔ ٹیم نے 10 اکتوبر کو ہونے والی میٹنگ میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں ٹھیکیدار اور پاک پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے کی گئی پیش رفت کا مشاہدہ کیا۔
معائنہ ٹیم نے اس منصوبے کی ڈیڈ لائن کے ساتھ تیزی سے اور موثر تکمیل کے لئے ہدایات دیں ۔ ٹیم نے اس منصوبے کو صحیح معنوں میں مکمل کرنے پر زور دیا۔وزیراعظم معائنہ کمیشن نے اس منصوبے پر 20 دسمبر کو اپنے دفتر میں اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں پراجیکٹ کے تمام سٹیک ہولڈرز کے افسران شرکت کریں گے جو عملدرآمد کی صورتحال اور تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔اس اجلاس کے بعد معائنہ کمیشن کی جانب سے منصوبے پر پیشرفت سے متعلق عملدرآمد رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔