اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیراعظم معائنہ کمیشن ٹیم نے جمعہ کو پمز اسلام آباد میں ایچ وی اے سی پلانٹ روم ایکوپمنٹ کی تبدیلی و اپ گریڈیشن اور متعلقہ کام کے حوالے سے پی ایس ڈی پی منصوبے کا معائنہ کیا۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے اس منصوبے میں بلاجواز تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ، ہائوسنگ اینڈ ورکس کی وزارت اور نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی وزارت کی رپورٹس پر عدم اطمینان کے بعد منصوبے کی موثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے پی ایم آئی سی کو بھیجاگیا تھا۔
پی ایم آئی سی کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا نے پی آئی ایم سی کے ممبر ظاہر شاہ کی سربراہی میں انکوائری ٹیم کو منصوبے پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد اور اس کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کا ٹاسک سونپا۔ معائنہ کمیشن کے ممبر ظاہر شاہ، ممبر ڈاکٹر ممتاز احمد کمال، کوآپٹڈ ممبر صفدر علی، ڈائریکٹر محمد صالح نوریجو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر احمد وسیم پر مشتمل کمیٹی نے 24 نومبر 2023 کو پمز کا دورہ کیا اور پمز کی پوری عمارت کی سینٹرلی ایئرکنڈیشنگ کی تنصیب کے حوالے سے ایچ وی اے سی کے جاری کام کا معائنہ کیا۔
پمز کی انتظامیہ، پی ڈبلیو ڈی کے افسران اور کنٹریکٹر بھی اس دوران موجود تھے۔ ٹیم نے گزشتہ ہفتے دی جانے والی ہدایات کی روشنی میں کنٹریکٹرز اور پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے کام کی پیشرفت کا مشاہدہ کیا۔ دورہ کے دوران منصوبے کی فوری اور موثر تکمیل کے لیے ڈیڈ لائن کے ساتھ ہدایات دی گئیں جس میں کافی تاخیر ہو چکی ہے۔ پی آئی ایم سی ٹیم نے 15 دسمبر 2023 سے قبل اس منصوبے کی تکمیل پر زور دیا اور اس کے مطابق چیئرمین پی آئی ایم سی 10 دسمبر کو پمز ہاسپٹل کا دورہ کریں گے۔ اس ضمن میں وزیراعظم آفس کو رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔