وزیراعظم معائنہ کمیشن کا پمز ہسپتال میں ایچ وی اے سی پلانٹ کی تنصیب میں سست رفتاری پر عدم اطمینان کا اظہار ، منصوبے کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کی ہدایت

83
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان
پسرورمیں بچوں کو وبائی امراض سے بچانے کے لئے حفاظتی ٹیکوں کی خصوصی مہم"بگ کیچ اپ"جاری ہے، ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معائنہ کمیشن (پی ایم آئی سی) نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی عمارت میں ہیٹنگ، وینٹی لیشن اور ایئر کنڈیشننگ (ایچ وی اے سی) پلانٹ کی تنصیب میں سست رفتاری پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہےاور منصوبے کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کے معائنہ کمیشن کی ٹیم نے ظاہر شاہ کی سربراہی میں ہسپتال کا گزشتہ روز دورہ کیا ۔

ٹیم نے پمز ہسپتال کی تمام عمارتوں میں سنٹرل ایئر کنڈیشننگ کی تنصیب کے حوالے سے ایچ وی اے سی کے جاری کام کا جائزہ لیا۔ معائنہ کے دوران ہسپتال انتظامیہ، پی ڈبلیو ڈی کے افسران اور ٹھیکیدار موجود تھے۔ پی ایم آئی سی نے ٹھیکیداروں اور پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے کی جانے والی پیشرفت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبے کی جلد اور موثر تکمیل کی ہدایت کی۔ معائنہ ٹیم نے اس منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ہفتہ وار بنیادوں پر پیشرفت کی نگرانی کرنے کا بھی عزم کیا۔

اس حوالے سے ابتدائی رپورٹ وزیراعظم آفس کو بھی پیش کی جائے گی۔ پی ایم آئی سی نے یہ دورہ پمزہسپتال میں ایچ وی اے سی پلانٹ روم کے آلات اور منسلک سہولیات کی تبدیلی اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پر وزیر اعظم کی طرف سے ظاہر کی گئی گہری تشویش کے تناظر میں کیا۔ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی وزارت اور نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈی نیشن کی وزارت کی رپورٹوں پر عدم اطمینان کے بعد، معاملے کو موثر نگرانی کے لئے پی ایم آئی سی کو بھیج دیا گیا تھا۔ پی ایم آئی سی کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا نے ظاہر شاہ کی سربراہی میں انکوائری ٹیم کو منصوبے پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد اور اس کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کا ٹاسک سونپا۔